لاہور ہائیکورٹ نے ملک بھر میں بجلی کے بلیک آؤٹ کے خلاف درخواست کی سماعت پر وفاقی حکومت اور نیپراکو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہورہائی کورٹ کےجسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کی۔ جوڈیشل ایکٹوازم پینل کےسربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دلائل دیے۔
اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملک بھر میں جاری شٹ ڈاؤن سے اربوں روپے کا نقصان ہوا، شہریوں کو شدید مشکلات اور پیٹرول کی قلت کا سامنا رہا۔
وکیل نے دلائل دیے کہ پانی کی عدم دستیابی سے عام شری بلبلا اٹھے۔ بجلی کا طول شٹ ڈاؤن ملکی مفاد کے خلاف ہے،غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث پہلے ہی انڈسٹریاں بند ہو رہی ہیں، حکومتی عدم توجہی اوراداروں کی غفلت کے باعث ملک بھر میں شٹ ڈاون ہوا۔
اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ استدعا ہےعدالت واقعہ میں ملوث ذمہ داروں کے تعین اور ان کے خلاف کارروائی کاحکم دے اورعدالت بجلی کی شٹ ڈاؤن کی روک تھام کے لیے اقدامات کا حکم دے، جس پرعدالت نے وفاقی حکومت اور نیپراکو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
