وزیر خارجہ بلاول بھٹو زداری نے کہا ہے کہ پاکستان روس کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ کا خواہاں ہے۔
تفصیلات کے مطابق ماسکو میں اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف کے ہمراہ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان روس کےساتھ تعلقات کواہمیت دیتاہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان روس کے ساتھ تجارت، معیشت، سیکیورٹی، انسداد دہشت گردی، دفاع کے ساتھ ساتھ ثقافتی، تعلیمی اور عوام سے عوام کے رابطوں کے شعبوں میں تعاون کو تیز کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاک روس تعلقات نہ صرف ہمارے قومی مفادات کو پورا کرتے ہیں بلکہ علاقائی، عالمی استحکام اور سلامتی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور روس کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق، کئی معاہدوں پر دستخط
انہوں نے بتایا کہ روسی وزیرخارجہ سےدوستانہ ماحول میں گفتگوہوئی ہے جس دوران روس کے ساتھ توانائی کےشعبے پر بھی مثبت بات ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان افغانستان پر اچھا تعاون ہے اور ہمارا مقصد افغانستان میں امن و استحکام کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے روس کے ساتھ تعاون جاری رکھنا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے کثیر الجہتی فورمز پر دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا اور پختہ یقین رکھتے ہیں کہ تمام تنازعات کو پرامن طریقے سے حل کیا جا سکتا ہے اور ایسی کوئی رکاوٹیں نہیں ہیں جن پر سفارت کاری سے قابو نہیں پایا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے روس کے دورے کی دعوت دینے پر سرگئی لاوروف کا شکریہ ادا کیا اور ماسکو کے ساتھ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے اسلام آباد کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط کرنا چاہتے اور ہیں پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے بھی میں تعاون کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ ایس سی او میں تعاون سے متعلق یکساں مؤقف ہے اور مختلف عالمی فورمز پر بھی مشترکہ مؤقف رکھتے ہیں۔


















