Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پشاور؛ مسجد میں دھماکا کرنے والے نیٹ ورک تک رسائی حاصل کرلی ہے، معظم جاہ

آئی جی خیپر پختون خوا کا کہنا ہے کہ پولیس لائن مسجد میں خودکش حملہ آوراور ہیلمٹ سے ملنے والے سر کے بال بھی ڈی این اے کے ساتھ میچ ہو گئے۔

پولیس لائنزپشاور میں مسجد میں ہونے والے دھماکے کی مزید اہم تفصیلات سامنے آگئیں، آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور اور ہیلمٹ سے ملنے والے سر کے بال بھی ڈی این اے کے ساتھ میچ ہو گئے۔

آئی جی پولیس کے پی کا  کہنا ہے کہ دھماکے میں ٹی این ٹی دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا، نیٹ ورک کالعدم تنظم گروپ ہے اور سہولت کاروں تک پہنچ گئے ہیں۔

معظم جاہ انصاری نے کہا کہ واقعہ میں ملوث نیٹ ورک حالیہ واقعات میں سرگرم ہے، خود کش بمبار اور نیٹ ورک کی تفصیلات بھی حاصل کرلی گئی ہیں۔ نیٹ ورک تک رَسائی حاصل کر لی ہے، نشادہی بھی ہو گئی ہے بہت جلد گرفتار ہوں گے۔

سرکاری املاک اور حساس مقامات کا ازسرنو سیکیورٹی آڈٹ کرانے کا فیصلہ

دوسری جانب موجودہ سیکیورٹی صورتحال سے نمٹنے کیلئے  پشاور میں اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس میں پشاورضلع بھر میں سرکاری املاک اور حساس مقامات کی ازسرنو سیکیورٹی آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سی سی پی او محمد اعجاز خان کی سربراہی میں پولیس لائن میں اعلیٰ سطح اجلاس کے اجلاس میں ایس ایس پی، ایس پی کو آرڈینیشن، ایس پی سیکیورٹی سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات مزید مؤثر بنانے کیلئے اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔

سی سی پی او محمد اعجاز خان نے کہا کہ تمام سرکاری املاک، اہم عمارتوں اور حساس مقامات کا ازسر نو سیکیورٹی آڈٹ کیا جائے، دوران ڈیوٹی کسی بھی قسم کی غفلت و کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

سی سی پی او محمد اعجاز خان نے اجلاس میں کہا کہ امن و امان برقرار رکھنے کیلئے انفارمیشن بیسڈ ٹارگٹڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز، سنیپ چیکنگ کو فعال بنایا جائے اور شہر بھر میں اسپیشل ناکہ بندیوں سمیت ہیومن انٹیلی جنس کو مزید فعال کیا جائے گا۔

سی سی پی او محمد اعجاز خان نے شہریوں کی جان و مال کی تحفظ کی خاطر ٹیم ورک کرکے ایک دوسرے کیساتھ کوارڈینشن کو مزید مربوط بنانے کی بھی ہدایت کی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version