پیر کو آنے والے خوفناک زلزلے کے بعد پہلی بار اقوام متحدہ کا امدادی سامان کا قافلہ مغربی شام پہنچ گیا ہے۔
پیر کو آنے والے زلزلے کے بعد پہلی بار ترکی سے چھ ٹرک شمال مغربی شام میں داخل ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ نے تصدیق کی ہے کہ پیر کو 7.8 شدت کے زلزلے کے بعد اقوام متحدہ کا پہلا امدادی قافلہ ترکی سے شمال مغربی شام میں داخل ہوا ہے۔
قافلہ زلزلہ متاثرین کے لیے پناہ گاہ کی اشیاء اور نان فوڈ آئٹم کٹس، بشمول کمبل اور حفظان صحت کی کٹس” کے چھ ٹرک جمعرات کو باب الحوا پہنچے ہیں۔
اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی امور کے مطابق یہ واحد سرحدی کراسنگ ہے جسے امداد کی ترسیل کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اجازت دی ہے۔
اقوام متحدہ کی ذیلی تنظیم برائے انسانی امور کی سربراہ سنجنا قاضی نے بتایا کہ آج اقوام متحدہ کی سرحد پار امدادی سرگرمیوں کو فعال کر دیا گیا ہے۔
سنجنا قاضی نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ہم اس مشکل وقت میں شمال مغربی شام کے لوگوں تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ آپریشن جاری رہے گا کیونکہ یہ ایک انسانی لائف لائن اور واحد توسیع پذیر چینل ہے۔
سنجنا قاضی نے کہا کہ مستقبل کے امدادی قافلوں کے پاس مختلف قسم کی امداد ہوگی جو اقوام متحدہ کے مختلف اداروں کی طرف سے فراہم کی جائے گی.
سول سوسائٹی کی تنظیم بیتنا شام کے سربراہ اسد العچی نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ ترک حکومت نے امداد کو دو اضافی کراسنگ، باب السلمہ اور الرائے سے گزرنے کی اجازت دی ہے۔
