عدالت نے پی ٹی آئی پنجاب کے ایم این ایزکو ڈی نوٹیفائی کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفیکیشن معطل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہورہائی کورٹ میں تحریکِ انصاف کے 70 ارکان کے قومی اسمبلی سے استعفے منظور کرنے کے خلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران لاہورہائی کورٹ نے پنجاب کے ایم این ایز کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفیکیشن معطل کردیا اور عدالت نے متعلقہ پنجاب کے حلقوں میں ضمنی الیکشن بھی روک دیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے تحریک انصاف کے مستعفی ایم این ایز کی درخواست پر سماعت کی، عدالتِ عالیہ نے الیکشن کمیشن، اسپیکر قومی اسمبلی سمیت دیگر کو نوٹسز جاری کر دیے۔
جسٹس شاہد کریم نے سماعت سات مارچ کے لیے ملتوی کرتے ہوئے تمام فریقین سے جواب طلب کرلیا۔
