Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسلام آباد ہائی کورٹ کا شیشہ کیفے سے متعلق اہم فیصلہ

‘مجاز اتھارٹی کے جاری کردہ اجازت ناموں کے مطابق شیشہ پیش کرنے والے ریسٹورنٹس کو تحفظ حاصل ہوگا’

اسلام آباد ہائی کورٹ نے قانونی اجازت ناموں کے تحت شیشہ پیش کرنے والے کیفے اور ریسٹورنٹس کے خلاف جبری کارروائی نہ کرنے کی ہدایت کردی۔

عدالت نے قرار دیا کہ مجاز اتھارٹی کے جاری کردہ اجازت ناموں کے مطابق شیشہ پیش کرنے والے ریسٹورنٹس کو تحفظ حاصل ہوگا تاہم غیر قانونی سرگرمی یا قانون و پرمٹ کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئی سی ٹی پولیس کو غیر قانونی شیشہ سرگرمیوں اور منشیات سے متعلق جرائم کی روک تھام کے لیے اقدامات جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔

عدالت نے شیشہ کیفے کے لیے مؤثر ریگولیٹری فریم ورک کی عدم تکمیل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی کابینہ میں زیرِ غور شیشہ سے متعلق قوانین کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔

عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو معاملہ متعلقہ حکام کے سامنے اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے شیشہ کیفے سے متعلق مطلوبہ ریگولیٹری فریم ورک ایک ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریگولیٹری فریم ورک کی تکمیل سے متعلق تعمیلی رپورٹ بھی ایک ماہ میں عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version