توشہ خانہ کیس کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے گھر زمان پارک میں نیب کی ٹیم کی آمد ہوئی۔
ذرائع کے مطابق نیب کی چار رکنی ٹیم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی سے طلبی کے نوٹس پر دستخط کےلئے زمان پارک پہنچے، عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی نے طلبی کے نوٹس پر دستخط کرنے سے انکار کردیا۔
عمران خان اور بشری بی بی کے انکار کے بعد نیب طلبی کے نوٹس پر عمران خان کے وکیل حسان خان نیازی نے بیرسٹر سلمان صفدر کی موجودگی میں دستخط بھی کئے۔
عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک میں سکیورٹی اہلکاروں نے نیب اہلکاروں کو رہائش گاہ کے اندر جانے سے روک دیا، نیب اہلکارعمران خان کے وکیل کی جانب سے نیب طلبی نوٹس پر دستخط کے بعد واپس روانہ ہوگئے۔
واضح رہے کہ نیب اسلام آباد نے توشہ خانہ کیس کے معاملے میں سابق وزیراعظم عمران خان اور بشری بی بی کو 9 مارچ کو نیب نے طلب کررکھا ہے۔
نیب کی جانب سے 9 مارچ کو سابق وزیراعظم عمران خان کو نیب جی سکس اسلام آباد کے دفتر میں دوپہر ڈھائی بجے پیش ہونے کا حکم دیا گیا۔
اس کے علاوہ نیب راولپنڈی نے سابق وفاقی وزراء پرویز خٹک اور شاہ محمود قریشی کو 7 مارچ کو طلب کیا ہے جب کہ نیب راولپنڈی نے فواد چوہدری کو 8 مارچ کو طلب کیا ہے۔
