Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سندھ ہائی کورٹ کا ڈی جی چائلڈ پروٹیکشن کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار

سندھ ہائی کورٹ نے ڈی جی چائلڈ پروٹیکشن کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں لاوارث اور غریب بچوں کی فلاح و بہبود سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

ڈی جی چائلڈ پروٹیکشن کی جانب سے رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی جس میں بتایا گیا کہ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی رولز میں ترمیم کے لیے معاملہ محکمہ قانون کو ارسال کردیا ہے۔ گدا گر بچوں سے متعلق پولیس، ضلعی انتظامیہ اور سماجی تنظیموں سے میٹنگز جاری ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جو بچے گدا گری کرتے ہوئے پکڑے جاتے ہیں انہیں قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد عدالت کے ذریعے والدین کے حوالے کیا جاتا ہے۔ گداگری کے خلاف مہم کے دوران 126 بچوں کو پکڑ کر عدالت کے ذریعے والدین کے حوالے کرچکے ہیں۔

ڈی جی چائلڈ پروٹیکشن کی جانب سے رپورٹ میں کہا گیا کہ بچوں کو والدین کے حوالے کرنے سے پہلے یقینی بنایا جائے گا وہ ان کو دوبارہ گداگری کے لیے نہ بھیجیں۔ بچوں سے بھیک منگوانے والوں کے خلاف بھی مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے عالمی ادارے یونیسیف و دیگر کے ساتھ مل کر جدید نظام مراتب کیا جارہا ہے۔ جدید نظام میں بچوں سے ہونے والی زیادتیوں پر قابو پانے سمیت دیگر اقدامات شامل ہیں۔

عدالت نے ڈی جی چائلڈ پروٹیکشن کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی تعلیم انکی فلاح و بہبود اور تحفظ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ بچوں کی بہتر تعلیم و تربیت سے ہی صحت مند معاشرے کی تشکیل ہوتی ہے۔ ایسے اداروں اور محکموں کے لیے قابل اور مخلص افسران کی تعیناتی ہونی چاہئے۔

سندھ ہائی کورٹ نے آئندہ سماعت پر بچوں کے تحفظ اور تعلیم و تربیت کے لیے متحرک اداروں کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 20 مارچ تک ملتوی کردی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version