Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی ٹی آئی کا عمران خان کی زندگی اوربنیادی حقوق کےتحفظ کیلئے چیف جسٹس پاکستان کوخط

سابق وزیراعظم عمران خان کی عدالت پیشی کے موقع پرپی ڈی ایم حکومت کی جانب سے انہیں غیر قانونی طور پر گرفتاری کے خدشے کے پیشِ نظرپاکستان تحریک انصاف نے معاملہ عدالت عظمی میں اٹھا دیا۔

تفصیلات کے مطابق مرکزی سیکریٹری جنرل تحریک انصاف اسد عمر نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو خط لکھا ہے جس میں انھوں نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت عمران خان کو نشانِ انتقام بنانا چاہتی ہے، عمران خان عدالت میں پیشی کے لئے اسلام آباد آ رہے ہیں۔

اسد عمرنے خط میں لکھا کہ عدالتی احکامات کی تعظیم میں عمران خان لاہور سے اسلام آباد کے لئے روانہ ہوئے، عمران خان نے کل لاہور ہائی کورٹ سے نو مقدمات میں ضمانت حاصل کی، معززعدالت عالیہ نے حکام کو عمران خان کے خلاف ظالمانہ انتقامی کارووائیوں سے منع کیا۔

رہنما تحریکِ انصاف نے چیف جسٹس پاکستان کو خط میں لکھا کہ پولیس نے عدالتی احکامات کو پیروں تلے روندتے ہوئے ان کی رہائش گاہ پر دھاوا بولا، عمران خان کی رہائش گاہ پر حملے کے دوران گھر کے دروازے توڑے گے اور دیواریں منہدم کر دی گئیں۔  اسلام آباد میں پولیس نے بدترین خوف و ہراس کاماحول قائم کر رکھا ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ میڈیا اور وکلاء سمیت اہم لوگوں کو عدالت میں داخلے سے روک دیا گیا، چیئرمین تحریک انصاف کو کسی نامعلوم مقدمے میں گرفتار کرنے کے عزائم واضح طور پر دکھائی دے رہے ہیں، عمران خان اپنی جان کو لاحق خطرات سے بھی مسلسل آگاہ کرتے آئے ہیں۔ چئیرمین تحریک انصاف کی زندگی اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لئے معزز عدالت فوری از خود نوٹس لے۔

پاکستان تحریک انصاف نے چیف جسٹس آف پاکستان کو ذاتی طور پر اسد عمر کا خط پہنچانے کا فیصلہ کیا جس کے بعد سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر چیف جسٹس آف پاکستان کی رہائش گاہ پہنچے اورمرکزی سیکریٹری جنرل اسد عمر کی جانب سے چیف جسٹس پاکستان کے نام خط سپریم کورٹ میں جمع کروایا۔

خط میں مرکزی سیکریٹری جنرل اسد عمرنے چیف جسٹس سے عمران خان کے خلاف انتقامی کارووائیوں کے خلاف فوری از خود نوٹس کی استدعا کی ہے۔

دوسری جانب عمران خان کی گرفتاری کے خدشے کے پیشِ نظراسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ نیب سمیت کسی بھی ادارے کو گرفتاری سے روکا جائے۔

عمران خان کی جانب سے آج ہی درخواست پر سماعت کی استدعا بھی کی گئی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version