پاکستان نے سعودی عرب میں جاری ای اسپورٹس اور گیمنگ فیسٹیول میں ٹیکن سیون نیشنز کپ جیت لیا۔
پاکستانی گیمرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گرینڈ فائنلز میں جنوبی کوریا کو شکست دی۔ گیمرز 8 نیشنز کپ میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے پروفیشنل ٹیکن کھلاڑی عاطف بٹ، خان اور ارسلان ایش کو منتخب کیا گیا تھا، جنہوں نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔
کوریا کے خلاف 3-0 سے فتح کے بعد ٹیم پاکستان گرینڈ فائنل میں پہنچی، ملک کے تینوں کھلاڑیوں نے اس وقت تک ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا جس کی وجہ سے وہ فائنل جیتنے کے لیے بھی فیورٹ تھے۔
پاکستانی کھلاڑیوں نے جیتنے کے بعد سجدہ شکر ادا کیا اور پھر ٹرافی اٹھا کر پاکستان کے نعرے لگائے۔ پاکستانی ٹیم نے 5 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم بھی حاصل کی۔
https://twitter.com/Gamers8GG/status/1678141516768747522?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1678141516768747522%7Ctwgr%5Eca544ca9643ea28f4d6a94f98821e23a8eaf37ca%7Ctwcon%5Es1_&ref_url=https%3A%2F%2Furdu.geo.tv%2Flatest%2F333804-
یاد رہے کہ دنیا کے سب سے بڑے ای سپورٹس اور گیمنگ فیسٹیول کا ریاض میں آغاز ہوگیا جس کی انعامی مالیت 30 ملین ڈالر ہے جو کہ عالمی ریکارڈ پرائز پول ہے۔ سعودی ای سپورٹس فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ فیصل بن َبندر کے مطابق ریاض بلیوارڈ سٹی میں منعقد ہونے والا ایونٹ اس موسم گرما میں گیمرز اور تفریح کے متلاشیوں کے لیے یکساں ہدف بننے کی کوشش کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ اس فیسٹیول میں 61 ممالک کی 113 بین الاقوامی ٹیموں کے 391 بہترین کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں، جن میں پاکستان، جاپان، جنوبی افریقہ، سعودی عرب، تھائی لینڈ، پیرو، فرانس، فلپائنز، آسٹریلیا، جرمنی اور دیگر ممالک سر فہرست ہیں۔
