Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سندھ اسمبلی تاریخ ساز اسمبلی ہے، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی تاریخ ساز اسمبلی ہے۔

تفصیلات کےمطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی سے آخری خطاب  کرتے ہوئے کہا کہ 2018ء میں منتخب ہونے والی اسمبلی کا آج آخری روز ہے، 5 سال خیریت سے مکمل ہونے پر سب کو مبادکباد دیتا ہوں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے، 2002ء میں مجھے بینظیر بھٹو نے الیکشن لڑنے کا کہا تھا، 2002ء سے 4 مرتبہ منتخب ہوا ہوں، یہ 5 سال آسان نہیں تھے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی تاریخ ساز اسمبلی ہے، سندھ اسمبلی کو مختلف حربوں اور بہانوں سے کارروائی سے روکا گیا، اسپیکر سندھ اسمبلی کو قید و بند کی صعوبتوں کا سامنا کرنا پڑا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ اسمبلی کو کام نہیں کرنے دیا گیا، سیلاب سے سندھ میں 21 لاکھ گھروں کو نقصان پہنچا، 20 ہزار سے زائد سکولوں کا بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو گیا، سندھ کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی گئی، کیسز بنائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے دوران صوبہ سندھ میں سب سے زیادہ احتیاطی تدابیراختیار کی گئیں، ریکارڈ وقت میں متعدد امراض کے علاج کے ہسپتال بنائے، کورونا میں ہم نے ترقی یافتہ ممالک سے بہتر پرفارم کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ الیکشن میں ہم لوگوں کے پاس جائیں گے، جنہیں پارٹی ٹکٹ دے گی وہ الیکشن کے بعد دوبارہ اسمبلی میں آئیں گے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version