پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلی مرتبہ خواتین کرکٹرز کو ڈومیسٹک کنٹریکٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں خواتین کرکٹ کے لیے ایک اہم پیش رفت کے طور پر مجموعی طور پر 74 باصلاحیت خواتین کرکٹرز کو 11 ماہ کا ڈومیسٹک کنٹریکٹ دیا گیا ہے جو خواتین کرکٹ میں اپنی نوعیت کا پہلا کنٹریکٹ ہے۔
74 کھلاڑیوں میں سے 59 کھلاڑیوں کا تعلق ایمرجنگ اور انڈر 19 کیٹیگریز سے ہے جبکہ 14 کھلاڑی پہلے ہی سینئر سطح پر پاکستان ویمنز ٹیم کی نمائندگی کر چکی ہیں۔
اس اہم پیش رفت سے خواتین کرکٹرز کے اعتماد میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا کیونکہ ایکشن سے بھرپور خواتین کرکٹ سیزن یکم ستمبر سے دوبارہ شروع ہونے والا ہے۔
یہ ڈومیسٹک کنٹریکٹ ان خواتین کرکٹرز کو دیئے گئے ہیں جنہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹس، ایمرجنگ ٹورنامنٹس، انڈر 19 ڈومیسٹک ٹورنامنٹس اور آئی سی سی انڈر 19 ویمنز ورلڈ کپ سمیت مختلف کرکٹ پلیٹ فارمز پر قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
کھلاڑیوں کا انتخاب سابق ٹیسٹ کرکٹر سلیم جعفر کی سربراہی میں قومی خواتین کی سلیکشن کمیٹی نے کیا ہے جس میں قومی اور اکیڈمی کوچز کی سفارشات شامل ہیں۔
پی سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد نہ صرف ان کی محنت اور لگن کا اعتراف کرنا ہے بلکہ ملک کے اندر خواتین کرکٹ کا معیار بھی بلند کرنا ہے۔
پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کی سربراہ ذکا اشرف نے کہا کہ میں ان 74 خواتین کرکٹرز کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنی قابلیت اور لگن سے یہ کنٹریکٹ حاصل کیے ہیں۔
ذکاء اشرف نے مزید کہا کہ آج پاکستان کرکٹ بورڈ کے لئے ایک اہم اور خوشی کا موقع ہے کیونکہ ہم اپنے ملک میں خواتین کرکٹ کی ترقی کے لئے ایک تاریخی قدم اٹھا رہے ہیں۔


















