نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی کے وفد نے نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں ملکی ترقی میں شانہ بشانہ کردار ادا کر رہی ہیں۔
وزیر مذہبی امور انیق احمد نے مزید کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے وزارت کے دروازے کھلے ہوئے ہیں، بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔
اس موقع پر سکھ گردوارہ پر بندھک کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ ریاست پاکستان کی سکھ برادری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات لائق تحسین ہیں۔ پاکستانی سکھ ملکی تعمیر و ترقی، دفاع سمیت مختلف شعبہ جات میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
وفد کے ہمراہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین سید عطا الرحمن اور ایڈیشنل سیکرٹری شرائن بھی شریک تھے۔
