Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سعودی عرب کے ساتھ باہمی احترام اور بھائی چارے کا رشتہ ہے، انیق احمد

نگراں وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ عقیدت ، باہمی احترام اور بھائی چارے کا رشتہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق نگراں وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے منگل کو سعودی سفیر نواف سعید المالکی سے ملاقات کی جس میں آئندہ حج انتظامات ، باہمی تعلقات اور مسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات میں نگراں وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ عقیدت ، باہمی احترام اور بھائی چارے کا رشتہ ہے، میرا مشن ہے کہ اس مختصر مدت میں پاکستانی حجاج کرام کو اضافی سہولیات لے کر دوں۔

انیق احمد نے کہا کہ وزارتِ مذہبی امور کل اسلام آباد میں بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس کا انعقاد کر رہی ہے جس میں تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے سرکردہ رہنمائوں، سفراء اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کے ساتھ مکالمہ کیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزارتِ مذہبی امور روایتی عقیدت و احترام کے ساتھ 12 ربیع الاوّل کو قومی سیرت کانفرنس کا انعقاد کر رہی ہے، اس سال کانفرنس کا عنوان ’’سیرت طیبہ کی روشنی میں ملکی معاشی استحکام کی حکمت عملی ‘‘ طے کیا گیا ہے۔

نگراں وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد  نے مزید کہا کہ دنیا کو اسلام کے خوبصورت پیغام سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے، سعودی سفیر انتہائی محترم بھائی ہیں ان کی ہر ممکن حمایت اور تعاون جاری رکھیں گے۔

ملاقات میں سعودی سفیر نواف المالکی نے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی بھی دور حاضر کے مسائل پر عنقریب عالمی کانفرنس کا انعقاد کر رہی ہے ، نوجوان نسل کو مسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل کی طرف متوجہ اور آمادہ کرنا ہوگا۔

ملاقات میں سیکرٹری مذہبی امور آفتاب اکبر درانی اور رابطہ عالم اسلامی کے ریجنل ڈائریکٹر سعد بن مسعود الحارثی بھی شریک تھے۔

متعلقہ خبریں