Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چینی کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی  

ملک بھر میں چینی کی قیمتیں بے قابو ہوگئیں، چینی کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق ملک بھر میں چینی کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، اضافے کے بعد مارکیٹ میں چینی کی قیمت 190 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔

ملک بھر میں چینی 160 روپے سے 190 روپے کلو تک مل رہی ہے۔ چینی کی قیمت کوئٹہ میں 190 روپے کلو ہوگئی ہے جبکہ کراچی میں چینی 180 روپے فی کلو دستیاب ہے۔

دوسری جانب خیبر پختون خوا کے شہر پشاور میں چینی فی کلو 170 سے 175 روپے میں فروخت ہونے لگی۔

پشاور میں ایک ہفتے کے دوران چینی کی قیمتوں میں 20 روپے سے زائد کا فی کلو اضافہ کیا گیا ہے، تاجروں نے ملبہ نگراں حکومت کی جانب سے بڑھائے گئے پٹرول، گیس اور بجلی قیمتوں پر ڈال دیا۔

واضح رہے کہ چینی کی قیمت میں گذشتہ کئی مہینوں سے اضافہ جاری ہے اور اس کی قیمت جو اس سال کے شروع میں 85 سے 90 روپے فی کلو تھی، صرف آٹھ مہینوں میں 190 روپے کی سطح تک پہنچ گئی ہے۔

چینی برآمد کرنے پر پابندی لگادی

دوسری جانب ملک میں چینی باہر سے منگوانے کے باعث چینی کی قیمتیں مزید بڑھنی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) نے برازیل میں پاکستانی کمرشل اتاشی کو ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی امپورٹ کرنے کیلئے خط لکھا ہے۔

محکمہ خوراک کے ذرائع کے مطابق امپورٹڈ چینی 220 روپے کلو کے حساب سے پاکستان میں منگوائی جا رہی ہے، محکمہ خوراک کے پاس ا س وقت 10لاکھ ٹن سرپلس چینی کا کیری فارورڈ موجود ہے، محکمہ خوراک کو سرپلس چینی کے ذخائر استعمال کرنا پڑیں گے۔

محکمہ خوراک کے ذرائع نے بتایا کہ سرپلس چینی کے ذخائر ختم کرنے سے امپورٹڈ چینی مارکیٹ میں آجائے گی جس سے شہری 100روپے کلو سرکاری نرخ والی چینی 220روپے کلو میں خریدنے پر مجبور ہوں گے۔

محکمہ خوراک کے ذرائع کے مطابق شہریوں کو ایک کلو چینی پر 120 روپے زیادہ ادا کرنا پڑیں گے۔