Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پیٹرولیم ڈیلرز نے ہڑتال کی دھمکی دے دی

پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق عوام کیلئے ایک اور پریشان کن خبر آگئی ، پیٹرول پمپ ڈیلرز کی کمیشن نا بڑھانے  پر  ہڑتال کی دھمکی دیدی۔

تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں پاکستان پیٹرولیم ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین عبدالسمیع خان کا کہنا ہے کہ یکم ستمبر تک ڈیلر کا مارجن بڑھانے کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور دیگر ذمہ داران نے بیٹھ کر ہمارے ساتھ تحریری معائدہ کیا، معاہدے کے باوجود وزارت پیٹرولیم کی جانب سے ڈیلر مارجن میں اضافہ نہیں کیا گیا۔

عبدالسمیع خان نے یہ بھی کہا کہ موجودہ ڈیلر مارجن کیساتھ ہم پیٹرول پمپ نہیں چلا سکتے، اخراجات کا تناسب بہت بڑھ چکا ہے۔

پاکستان پیٹرولیم ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین نے مزید کہا کہ ڈیلر مارجن فوری طور پر بڑھانے کا فیصلہ نہیں کیا تو ہم ہڑتال کی طرف جائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی بڑا اضافہ کردیا گیا تھا، پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے 91 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 18 روپے 44 پیسے فی لیٹر اضافے کی منظوری دی گئی تھی۔