نگران وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ نے ثقافتی اور سیاحتی سرگرمیوں کو مؤثر طریقے سے فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ نے کہا کہ متنوع ثقافتی پس منظر کے طلبا کے ساتھ مؤثر طریقے سے کام کرنے کے لیے اساتذہ اور معلمین کے لیے ثقافتی قابلیت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک ترقی کی منازل طے کر سکتا ہے اگر ہر شہری اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرے اور ذمہ داریاں ادا کرے۔
جمال شاہ نے مقامی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر ثقافتی اور سیاحتی سرگرمیوں کو مؤثر طریقے سے فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ موجودہ حکومت ورثے، تہذیب، زبان، فن اور ثقافت کو تعمیری انداز میں اجاگر کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک کے مختلفگ مقامات پر جدید ترین عجائب گھر متعارف کرانے کا منصوبہ بنایا ہے اور توقع ہے کہ ہر شہر میں جلد ہی اپنا آرکیالوجیکل میوزیم ہوگا۔
نگران وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ نے مزید کہا کہ حکومت نے نوجوانوں کے لئے ثقافتی خواندگی کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے متعدد اقدامات کی منصوبہ بندی کی ہے تاکہ وہ مستقبل کے رہنما اور معاشرے کے لئے موثر شراکت دار بن سکیں۔
