بھارتی کرکٹ بورڈ کا 4 رکنی وفد پاکستان پہنچ گیا اس دوران ذکا اشرف نے ان کا استقبال کیا۔
پاکستان پہنچنے والے بھارتی بورڈ کے وفد میں بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے صدر راجر بنی، نائب صدر راجیو شکلا، ڈائریکٹر بی سی سی آئی اور سیکرٹری ٹو نائب صدر محمد اکرم شامل ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے بھارتی وفد کا استقبال کیا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کا وفد دو روزہ دورے پر پاکستان آیا ہے جو ایشیا کپ کے 5 اور 6 ستمبر کے میچز بھی دیکھے گا۔
اس موقع پر صدر بی سی سی آئی راجر بنی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی دعوت پر یہاں آئے ہیں، 2005 کے بعد پاکستان آکر بہت اچھا لگا۔
اس دوران چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے کہا کہ بھارتی وفد کا پاکستان آنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ہماری دعوت قبول کی، ان کے آنے سے اچھا لگا اور اس سے دونوں ممالک کے تعلقات بہتر ہوں گے۔
