انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) نے ون ڈے کرکٹ میں کھلاڑیوں کی رینکنگ جاری کردی۔
آئی سی سی کی جانب سے ون ڈے کی تازہ رینکنگ جاری کی گئی ہے جس میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم 882 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں۔ جنوبی افریقا کے رسی وین ڈر ڈوسن دوسری اور بھارت کے شبمن گل تیسری پوزیشن پر ہیں۔ اس کے علاوہ قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز امام الحق چوتھی اور فخر زمان ساتویں پوزیشن پر موجود ہیں ہیں۔
دوسری جانب ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں قومی فاسٹ بولر شاہین آفریدی ٹاپ 5 بولرز میں آگئے ہیں، تازہ رینکنگ میں شاہین آفریدی پانچویں پوزیشن پر ہیں۔
شاہین آفریدی ایشیا کپ کے آغاز سے قبل نویں پوزیشن پر تھے، بھارت اور نیپال کے خلاف شاندار بولنگ کے بعد فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے 4 درجے ترقی کی ہے، فاسٹ بولر نے 2 میچز میں 29 ریٹنگ پوائنٹس لے کر 4 درجے ترقی حاصل کی۔
اس کے علاوہ ایشیا کپ میں بھارت اور نیپال کے خلاف شاندار کارکردگی پیش کرنے والے فاسٹ بولر نسیم شاہ اور حارث رؤف کیریئر کی بہترین رینکنگ پوزیشن پر آگئے ہیں۔ حارث رؤف 14 درجے ترقی کے بعد 29ویں اور نسیم شاہ 13 درجہ ترقی کرنے کے بعد 68ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
