ایشیا کپ سپر فور مرحلے میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آج اہم میچ کھیلا جارہا ہے لیکن میچ کے آغاز سے قبل ہی بارش نے انٹری دے دی۔
کولمبو میں ایشیا کپ میں پاکستان اور سری لنکا کا میچ سیمی فائنل کی حیثیت اختیار کرچکا ہے کیوں کہ جو بھی ٹیم آج کا میچ جیتے گی وہ اتوار کو فائنل میں بھارت کا سامنا کرے گی تاہم بارش ہونے کی صورت میں سری لنکن ٹیم کو فائدہ ہوگا کیوں کہ بارش کے باعث میچ ٹائی ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا اور پاکستان اپنے رن ریٹ کی وجہ سے ایونٹ سے باہر ہوجائے گا۔
پاکستانی وقت کے مطابق 2 بجے ٹاس ہونا تھا اور ڈھائی بجے میچ کا آغاز ہونا تھا لیکن بارش کے باعث میچ میں تاخیر ہوگئی ہے اور گراؤنڈ اسٹاف نے بارش کے باعث پچ کو کور کردیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ایشیا کپ کے سپر 4 کے اہم میچ کے لیے اپنی ٹیم کا اعلان گزشتہ شب کیا تھا، پاکستان ٹیم میں 5 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ محمد حارث، سعود شکیل، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر اور زمان خان کو کل سری لنکا کے خلاف میچ کیلئے قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ فخر زمان، سلمان علی آغا، فہیم اشرف، نسیم شاہ اور حارث رؤف سری لنکا کے خلاف میچ میں آرام کریں گے۔


















