بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ 2023 کے دوران آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے اپنے پہلے ہی میچ میں نامور بلے باز سچن ٹنڈولکر کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کے شہر چنئی میں ہونے والے ورلڈکپ 2023 کے پانچویں میں آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو پوری ٹیم آخری اوور میں 199 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور میزبان ٹیم کو جیت کے لیے 200 رنز کا آسان ہدف دیا۔
اس دوران آسٹریلیا کے اوپننگ بلے باز ڈیوڈوارنر نے 41 رنز بناکر ورلڈکپ میں اہم سنگ میل عبور کرلیا۔ انہوں نے میگا ایونٹ کے دوران اپنے ایک ہزار رنز مکمل کرلیے۔
ڈیوڈ وارنر نے یہ کارنامہ اپنی 19 ویں اننگز میں پورا کیا اور یوں وہ ورلڈکپ میں تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے والے بلے باز بن گئے۔
اس سے قبل ورلڈکپ میں تیز ترین ایک ہزار رنز مکمل کرنے کا ریکارڈ بھارت کے سچن ٹنڈولکر کے پاس تھا جنہوں نے یہ کارنامہ 20 ورلڈکپ اننگز میں سر انجام دیا تھا۔
اس کے علاوہ جنوبی افریقا کے اے بی ڈی ویلیئرز نے بھی ورلڈکپ کی 20 اننگز میں ایک ہزار رنز مکمل کیے تھے۔ ویسٹ انڈیز کے ویوون ریچرڈز اور بھارت کے سارو گنگولی نے 21، 21 ورلڈکپ اننگز میں ایک ہزار رنز بنائے تھے۔
