Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

غیر قانونی غیر ملکیوں کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی ہوگی ، سرفراز بگٹی

نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ غیر قانونی غیر ملکیوں کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے متعدد واقعات میں افغان ملوث پائے گئے، ملک میں سرمایہ کاری کوفروغ دیا جارہا ہے، غیر قانونی مقیم افراد کو اپنے ملک جانا ہوگا۔

سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ  اس وقت تک 2 لاکھ افغانی و غیر قانونی طور پر مقیم مہاجرین اپنے ملک واپس جاچکے ہیں جبکہ باقیوں کی واپسی کا بھی سلسلہ جاری ہے اور ان کی جیو فینسنگ ہورہی ہے لہٰذا ڈیڈ لائن گزرنے تک جو غیر قانونی مقیم افراد واپس نہیں جائیں گے ان کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس نے اتنے طویل عرصہ تک اتنے زیادہ افغان مہاجرین کو اپنے ملک میں پناہ فراہم کی لیکن یہاں یہ امر بھی افسوسناک ہے کہ پچھلے 8 ماہ میں پاکستان کے مختلف حصوں میں جو دہشت گردی کے 24 حملے ہوئے ان میں سے 14 میں افغان نیشنلز ملوث پائے گئے لہٰذا دہشت گردی کے مذکورہ واقعات میں افغانیوں کے ملوث پائے جانے کے عمل کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

نگران وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نادرا نیشنل سکیورٹی کا ادارہ بن چکا ہے اسلئے اس کا ڈیٹا بھی ہر حال میں محفوظ ہونا چاہیے، غیر قانونی مقیم افرادیہ بات اچھی طرح سمجھ لیں کہ اب انہیں اپنے ملک واپس جانا ہوگا اور اگر کسی نے انہیں بچانے یا چھپانے کی کوشش کی تو ان خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔

سرفراز احمد بگٹی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان غیر قانونی مقیم لوگوں نے پاکستانی شناختی کارڈز پر پراپرٹیز خریدیں اور بہت سے کاروبار کررکھے ہیں جنہیں لیگلائز ہونا ہوگانیز ہم بزنس فرینڈلی انوائرمنٹ اور ویزا پالیسی کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں اس لئے اگر کوئی غیر قانونی مقیم یہاں سرمایہ کاری یا کاروبار کرنا چاہتے ہیں تو پہلے وہ اپنے ممالک کو واپس جائیں پھر قانونی طریقہ اختیار کرکے پاکستان آئیں تو ہم ان کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم باشندوں کی مہلت کا آج آخری روز تھا لہٰذا صبح سے قانون حرکت میں آئے گا اور ان کو ملک سے نکالا جائے گا۔ کام کاج کے مقامات پر بھی یہ لوگ قانونی طور پر اور قانونی حیثیت سے واپس آئیں کیونکہ قانونی طور پر واپسی سے ملکی معیشت کو بھی سہارا ہوگا۔

سرفراز احمد بگٹی نے یہ بھی کہا کہ وزرات داخلہ میں اس حوالے سے پورٹل بنایااور یو این نمبر بھی جاری کیا گیا ہے تاکہ کسی کو کوئی تکلیف نہ ہواورنہ ہی کسی کے ساتھ زیادتی و بد تمیزی ہوگی اور ہم آج بھی مہاجرین کو پہلے مرحلے میں کچھ نہیں کہہ رہے لیکن یہ طے ہے کہ غیر قانونی مقیم افراد کسی بھی ملک یا کسی بھی شہر سے ہوں مہاجرین کو واپس جانا ہوگا۔

نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے مزید کہا کہ ہم رضاکارانہ طور پر اپنے ملکوں کو واپس جانیوالوں کو سراہتے اور یقین دلاتے ہیں کہ انہیں اپنی کلچرل ویلیوز، احترام اور اخلاقیات کے تقاضوں کے پیش نظر ضروری معاونت فراہم کریں گے تاہم جو ضروری قانونی تقاضے ہیں انہیں بھی پورا کیا جائے گا۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں

Exit mobile version