Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ویرات کوہلی نے ٹنڈولکر کا ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا

بھارت کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے بھارتی لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کا ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ 49 سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔

ویرات کوہلی نے ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 2023 کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار سنچری اسکور کرکے سابق بھارتی کرکٹرسچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑا۔ ویرات کوہلی 113 گیندوں پر 117 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس میں 2 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔

سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے اپنے کیریئر کی 50ویں سنچری بناکر لیجنڈری بلے باز سچن ٹنڈولکر کا ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریوں کو ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ ویرات کوہلی ون ڈے کیر یئر میں 50 سنچریاں اور 71 ففٹیاں اسکور کر چکے ہیں ۔

سچن ٹنڈولکر نے 463 ون ڈےانٹرنیشنل میں 49 سنچریاں بنائیں تھیں تاہم ویرات کوہلی نے 279 ون ڈے انٹرنیشنل میں یہ سنگ میل عبور کیا جب کہ اس فہرست میں بھارتی کپتان روہت شرما 31 سنچریوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

خیال رہے کہ سچن ٹنڈولکر نے ون ڈے میں سب سے زیادہ 18ہزار 426 رنز بنائے،جس میں 49 سنچریاں اور 96 نصف سنچری شامل تھیں۔

 اس کے علاوہ ویرات کوہلی نے کسی بھی ورلڈکپ کے ایک ایڈیشن میں سچن ٹنڈولکر کا 673 رنز بنانے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ ویرات کوہلی نے سیمی فائنل تک 10 اننگز میں 118 رنز کی اوسط سے 709 رنز بنالیے ہیں۔

علاوہ ازیں ویرات کوہلی نے ورلڈکپ کے ایک ایڈیشن میں 8ویں بار 50 پلس رنز بناکر سچن ٹنڈولکر کا یہ ریکارڈ بھی اپنے قبضے میں کرلیا۔ اس سے قبل سچن ٹنڈولکر 2003 کے ورلڈکپ میں 7 بار یہ کارنامہ انجام دے چکے تھے جب کہ بنگلادیش کے موجودہ کپتان شکیب الحسن نے 2019 کے ایڈیشن میں 7 ہی بار 50 پلس رنز بنائے تھے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version