بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن نے سیاست میں آنے کا اعلان کردیا اور ممکنہ طور پر وہ حکمران جماعت عوامی لیگ کی طرف سے 7 جنوری کو الیکشن لڑیں گے۔
بنگلادیشی اخبار ڈھاکہ ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق شکیب الحسن نے عوامی لیگ کے ٹکٹ سے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے 3 حلقوں کے لیے نامزدگی فارم جمع کرائے ہیں۔
بنگلادیشی کپتان نے عوامی لیگ کے دفتر سے ہفتہ کی صبح فارم حاصل کیا، چھاترا لیگ کے سابق جنرل سیکرٹری صدیق نظم العالم نے شکیب الحسن کی سیاست میں آنے کی تصدیق کی۔
اس سے قبل گزشتہ انتخابات میں بھی شکیب الحسن کے حصہ لینے کی خبریں سامنے آئی تھیں لیکن انہوں نے اس وقت سیاست میں آنا مناسب نہیں سمجھا تھا۔
دوسری جانب عوامی لیگ کے جوائنٹ سیکرٹری جنرل بہاؤالدین نسیم نے بھی شکیب الحسن کے سیاست میں انٹری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آل راؤنڈر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مشہور شخصیت ہیں اور ملک کے نوجوانوں میں ان کی بہت مقبولیت ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلادیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کی سربراہی میں حکمران جماعت کے پارلیمانی بورڈ سے شکیب کی امیدواری کی تصدیق کرنا ہو گی۔
