قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت ملنے کے بعد شان مسعود کو کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایک اور اچھی خبر مل گئی۔
بابراعظم نے بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد کپتانی سے استعفیٰ دیا تو کرکٹ بورڈ نے شان مسعود کو ٹیسٹ اور شاہین آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی کا کپتان بنادیا تاہم اب شان مسعود کے لیے ایک اور اچھی خبر آگئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود کے سینٹرل کنٹریکٹ کو اَپ گریڈ کرتے ہوئے انہیں ڈی سے بی کیٹیگری میں کر دیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ فیصلہ اپنی اس پالیسی کے تحت کیا ہے کہ اگر سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کوئی بھی کھلاڑی جو اے یا بی کیٹیگری سے نیچے ہے اور وہ کپتان بنتا ہے تو اس کا کنٹریکٹ اس وقت تک بی کیٹیگری میں کر دیا جائے گا جب تک وہ کپتانی کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ 34 سالہ شان مسعود کو 15 نومبر کو پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا اور وہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ 25-2023 تک کپتان بنائے گئے ہیں۔
بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے شان مسعود 30 ٹیسٹ میچوں میں 1597 رنز بنا چکے ہیں اور بحیثیت کپتان ان کا پہلا اسائنمنٹ آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز ہے جو 14 دسمبر سے شروع ہو رہی ہے۔
سیریز کا پہلا ٹیسٹ 14 سے 18 دسمبر تک پرتھ میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا ٹیسٹ 26 سے 30 دسمبر تک میلبرن میں ہوگا جبکہ تیسرا ٹیسٹ 3 سے 7 جنوری تک سڈنی میں کھیلا جائے گا۔
