ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 65 کروڑ 88 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق قرض سے مختلف شعبوں میں تین منصوبے مکمل کیے جائیں گے، امداد ٹیکس وصولی بڑھانے، سیلاب متاثرہ اسکولوں کی بحالی اور زرعی پیداواربڑھانے کے منصوبوں پربھی خرچ ہوگی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 30 کروڑ ڈالر کے پروگرام کے ذریعے ٹیکس وصولی بڑھائی جائے گی، ٹیکس اصلاحات، حکومتی اخراجات میں کمی اور سرمایہ کاری بڑھانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ سندھ میں اسکولوں کی بحالی کے لیے ساڑھے 27 کروڑ ڈالرفراہم کیے جائیں گے، اس امداد سے 1600 اسکولوں کی تعمیرنو اور بحالی کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق سندھ میں سیلاب متاثرہ اسکولوں کی بحالی کے منصوبے کیلئے 8 لاکھ ڈالرگرانٹ دی جائے گی اور خیبرپختونخوا میں غذائی تحفظ کے منصوبے کے لیے 8 کروڑ ڈالر امداد دی جائے گی جب کہ خواتین کسانوں کوبیجوں کی صفائی اور زرعی کیمیکلزکے محفوظ استعمال کے لیے 30 لاکھ ڈالر امداد دی جائے گی۔



















