Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

فخرزمان اور عامر کو ریلیز کرنے پر لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کو تنقید کا سامنا

لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کی جانب سے فخرزمان اور محمد عامر کو ریلیز کیے جانے پر سوشل میڈیا پر نئی بحث کا آغاز ہوگیا۔ 

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے لیے گزشتہ روز تمام فرنچائزز نے ری ٹین کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا۔  لاہور قلندرز کی جانب سے فخرزمان کو ریلیز کرنے پر شائقین کرکٹ حیرت زدہ رہ گئے اور انہوں نے فیصلے پر تنقید کرنا شروع کردی۔

لاہور قلندرز نے پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن کے لیے شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف ، ڈیوڈ ویسا، سکندر رضا، عبداللہ شفیق، زمان خان، مرزا طاہر بیگ اور راشد خان کو ری ٹین کیا ہے۔ قلندرز نے فخرزمان کو ریلیز کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل قوانین کے مطابق فرنچائزز زیادہ سے زیادہ 8 کھلاڑیوں کو ری ٹین کر سکتی ہیں اور لاہور قلندرز کی طرح کراچی کنگز نے بھی اپنے محمد عامر کو ریلیز کرنے شائقین کو حیران کیا۔

کراچی کنگز نے جیمز ونس، حسن علی، شان مسعود ، شعیب ملک ، تبریز شمسی، میر حمزہ ، محمد اخلاق اور محمد عرفان خان کو ری ٹین کیا۔

اس کے علاوہ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھلاڑیوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ شان مسعود ملتان سلطانز سے کراچی کنگز کی ٹیم میں شامل ہوئے اور ان کی جگہ فیصل اکرم ملتان سلطانز کا حصہ بنے ہیں جب کہ ممکنہ طور پر شان مسعود کو کراچی کنگز کا کپتان بنایا جائے گا کیوں کہ کراچی کنگز کے سابق کپتان عماد وسیم کا تبادلہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے حسن علی سے کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ لاہور قلندرز فخرزمان کو اپنی ٹیم کا لازمی حصہ بنائے گی اور اس کے لیے وہ رائٹ ٹو میچ کارڈ کا استعمال کرے گی جس کے تحت اگر لاہور قلندرز سے پہلے کسی اور نے فخرزمان کو منتخب کرلیا تو وہ یہ کارڈ استعمال کرتے ہوئے فخرزمان کو حاصل کرلے گی اور جس ٹیم نے فخرزمان کی بولی لگائی ہوگی، اس کے لیے کسی اور کھلاڑی کو منتخب کرنے کا آپشن مل جائے گا۔

 

متعلقہ خبریں

Exit mobile version