آسٹریلیا کے اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر نے سابق فاسٹ بولر مچل جانسن کی تنقید پر خاموشی توڑ دی۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق پاکستان کے خلاف آسٹریلیا کی جانب سے 14 رکنی اسکواڈ میں ڈیوڈ وارنر کو بھی شامل کیا گیا تھا جس پر مچل جانسن نے ڈیوڈ وارنر سمیت ٹیم سلیکٹر کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
سابق فاسٹ بولر ایک آسٹریلوی اخبار کے لیے لکھے گئے کالم میں کہا کہ آسٹریلوی کرکٹ کی تاریخ کے سب سے بڑے اسکینڈل میں پھنسنے والے کھلاڑی ڈیوڈ وارنر جو اس وقت بدترین فارم میں ہے لیکن اس کے باوجود ان کی خواہش کے مطابق وارنر کو فیئرویل دیا جارہا ہے۔
اس کالم کے بعد مچل جانسن کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور سابق فاسٹ بولر کو اپنے کالم کی بھاری قیمت بھی چکانا پڑی اور انہیں آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان سیریز کے لیے ٹرپل ایم کے کمنٹری پینل سے بھی نکال دیا گیا تھا۔
مچل جانسن کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ سابق ساتھی اپنی رائے کا حق رکھتے ہیں، ہر کسی کو اپنی رائے کا حق ہے ہمیں اب آگے بڑھنا ہے، یہ سیزن ہیڈلائن کے بغیر نہیں ہو گا، ہم پرتھ میں سیزن کے پہلے ٹیسٹ میچ کے منتظر ہیں۔
دوسری جانب آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے اس معاملے پر کہا کہ میرے خیال میں ہم ایک دوسرے کا بہت خیال رکھتے ہیں، ہم مسلسل اکٹھے کھیل رہے ہیں، ڈیوڈ وارنر اور آسٹیو اسمتھ کے ساتھ کھیلتے ہوئے 12 برس ہو گئے ہیں۔
پیٹ کمنز کا کہنا تھا ہم ایک دوسرے کی سخت حفاظت کرنے والے ہیں، ہم کامیاب سیزن کے لیے پر امید ہیں اور ہمارے پاس بہت مثبت چیزیں ہیں جن پر ہم فوکس کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 14 دسمبر سے پرتھ میں شروع ہونے جا رہا ہے۔
