مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یاسین ملک کا فیصلہ دو دن میں آنے والا ہے، فیصلہ ہمارے خلاف ہی آنا ہے کیونکہ عدالتیں بھی مودی سرکار کی سہولتکار ہیں، یاسین ملک کیس میں انٹرنیشنل میڈیا کو روہرٹنگ کی اجازت نہیں دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ دو ہزار انیس کے بعد مودی نے مقبوضہ کشمیر میں مزید فورسز بڑھا دیں، دنیا کی آنکھیں کھولنے کے لیے مقبوضہ کشمیر کی ویڈیوز کافی ہیں، مقبوضہ کشمیر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہورہی ہیں، مقبوضہ کشمیر کی اصل صورتحال کا دنیا کو معلومات بہت کم ہیں۔
مشعال حسین ملک نے یہ بھی کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اجتماعی قبریں بن رہی ہیں، کشمیریوں کو نہ زندہ رہنے کے حقوق دیئے جارہے ہیں نہ مرنے کے بعد جبکہ ہمارے رہنماوں کی قبروں پر بھی بھارتی فورسز کا پہرہ ہے، فارن آفس میں جدید لاء فیئر بنانا چاہتے ہیں، کشمیر معاملہ انٹرنیشنل عدالتوں میں لیجائے بغیر حل نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی ڈیفنس لائن ہے، کشمیری خون کی قربانی دے کر آزادی کی جنگ لڑرہے ہیں جبکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے آپس کے اختلافات بھلا ہمیں متحد ہوکر کشمیر کا مقدمہ لڑنا ہوگا۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک کا مزید کہنا تھا کہ مودی یاسین ملک کی پھانسی کو الیکشن کمپین میں استعمال کررہا ہے، کشمیری قوم آزادی کی بہت بڑی قیمت ادا کررہی ہے جبکہ بھارت پاکستان میں بھی کشمیریوں کی ٹارگٹ کلنگ کررہا ہے۔


















