نگران وزیر اعظم انوار الحق نے کہا ہے کہ کرکٹ کے فروغ سے ملک میں سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت پاکستان کرکٹ بورڈ کے امور کے حوالے سے اہم اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کی جانب سے بریفنگ دی گئی جبکہ اجلاس کو پاکستان میں خواتین کی کرکٹ کے فروغ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ کہ پاکستان سپر لیگ کا انعقاد فروری 2024 میں ہوگا جبکہ لیگ کے میچز کراچی ، لاہور ، راولپنڈی اور ملتان میں منعقد ہوں گے۔
بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان کرکٹ چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا ، ملک میں کرکٹ ایسوسی ایشنز کی تعداد 6 سے بڑھا کر 16 کر دی گئی جس سے علاقائی ٹیلنٹ اجاگر ہوگا۔
بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہا گیا کہ کہ اسلام آباد ، لاہور، کراچی، گوجرانوالہ، پشاور اور بہاولپور میں کرکٹ کے انفراسٹرکچر کی تعمیر پر کام ہو رہا ہے جبکہ قذافی اسٹیڈیم لاہور ، نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور ملتان اسٹیڈیم کی شمسی توانائی پر منتقلی پر کام کیا جا رہا ہے۔
اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم نے کہا کہ کرکٹ کا کھیل پوری قوم کو متحد کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے جس سے قومی جذبہ ابھرتا ہے،صرف ٹیم ورک کی بدولت ہی پاکستان کرکٹ ٹیم متحد ہو کر ہر میدان میں کامیابی حاصل کر سکتی ہے۔
انوار الحق نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی میں ٹرینرز ، سپورٹ اسٹاف اور دیگر عہدیداران کی تعیناتی کرتے ہوئے ملکی مفاد اور وقار کا خیال رکھا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ کھلاڑیوں کو اچھی کوچنگ کے ساتھ ساتھ بہترین تربیت بھی کی جائے تاکہ وہ ہر سطح پر ملک و قوم کی بہتر نمائندگی کر سکیں۔
نگران وزیر اعظم نے کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کے انتخابات بطریق احسن کروانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ کرکٹ کو ملک کے دور دراز علاقوں میں بھی فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
انوار الحق نے کہا کہ اندرون سندھ، بلوچستان، جنوبی پنجاب، گلگت بلتستان، کے پی کے نئے ضم شدہ اضلاع، آزاد جموں و کشمیر وغیرہ میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جس کو قومی سطح پر نمائندگی کاموقع دینے کی ضرورت ہے۔
نگران وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم اور پشاور کے اربابِ نیاز اسٹیڈیم کی بحالی کا کام فوری شروع کیا جائے تاکہ یہاں قومی اور بین الاقوامی کرکٹ میچز کا انعقاد کیا جاسکے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ گوادر کے کرکٹ اسٹیڈیم اور گلگت بلتستان کے علاقے نگر میں موجود پسن اسٹیڈیم کو کرکٹ میچوں کے انعقاد کےقابل بنایا جا سکتا ہے۔
نگران وزیر اعظم نے کرکٹ بورڈ کو ضلع نگر کے پسن اسٹیڈیم کا فوری سروے کرانے کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ موجودہ کرکٹ اسٹیڈیمز کی جدید خطوط پربحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے
انوار الحق نے کرکٹ کی ترقی کے لئے اسلام آباد میں 4 کرکٹ گراؤنڈز کو سی ڈی اے سے لے کر پاکستان کرکٹ بورڈ کی سرپرستی میں دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کے فروغ سے ملک میں سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان سپر لیگ کے میچز کا انعقاد ملک بھر میں کرانے کے لئے جامع حکمت عملی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو کرکٹ کے میدان میں دوست ممالک کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے فروغ کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔
اجلاس میں نگران وفاقی وزیر برائے نجکاری فواد حسن فواد ، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محمد ذکاء اشرف، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر، چیف سلیکٹر وہاب ریاض اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی پی سی بی کے عہدیداران محمد حفیظ، عمر گل اور سعید اجمل نے بذریعہ وڈیو لنک آسٹریلیا سے اجلاس میں شرکت کی۔

















