مصر کے وزیر خارجہ سمیح شوکری نے ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان سے غزہ کی پٹی کی صورتحال تبادلہ خیال کیا۔
عرب میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں نے غزہ کی پٹی میں بگڑتی ہوئی انسانی اور سلامتی کی صورتحال کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح پر اقدامات کے راستوں کے بارے میں خیالات اور جائزوں کا تبادلہ کیا تاکہ انسانی بحران کی شدت کو کم کیا جاسکے جس کا سامنا ہمارے فلسطینی بھائی کر رہے ہیں۔
مصر کی وزارت خارجہ کے ترجمان احمد ابو زید نے بتایا کہ شوکری کو عبد اللہیان کی جانب سے فون کال موصول ہوئی۔
شوکری نے اپنے ایرانی ہم منصب کو جامع جنگ بندی کے حصول اور غزہ کے لئے انسانی امداد تک مکمل اور پائیدار رسائی کو یقینی بنانے کے بارے میں مصر کی طرف سے کی جانے والی بات چیت کے نتائج سے آگاہ کیا۔
شوکری نے غزہ میں انسانی امداد کے داخلے اور نگرانی کو آسان بنانے کے لئے ایک بین الاقوامی میکانزم کے قیام سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی حالیہ قرارداد نمبر 2720 کی شقوں پر مکمل عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔
شوکری نے گزشتہ روز اردن کے وزیر خارجہ ایمن صفادی سے بھی ملاقات کی۔
شوکری نے اس بات پر زور دیا کہ مصر اردن کے ساتھ مشاورت اور ہم آہنگی بڑھانے کی مسلسل خواہش رکھتا ہے تاکہ مشترکہ چیلنجوں کا مقابلہ کیا جاسکے اور خطے کو درپیش سیاسی اور سلامتی کے بحرانوں کا حل تلاش کرنے کے لئے کام کیا جاسکے۔
دونوں وزراء نے غزہ کی صورتحال میں پیش رفت اور جنگ بندی تک پہنچنے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی حالیہ قرارداد پر عمل درآمد کی کوششوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
دونوں وزراء نے بحیرہ احمر میں نیوی گیشن کی سیکیورٹی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے مصر، اردن اور عراق کو ملانے والے سہ فریقی تعاون کے طریقہ کار کو آگے بڑھانے کی اہمیت کا اعادہ کیا تاکہ تینوں ممالک کو فائدہ ہو۔
