Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جنوبی افریقا سے شکست کے بعد بھارت کو ایک اور بڑا دھچکا

سینچورین میں جنوبی افریقا کے خلاف سلو اوور ریٹ کی وجہ سے بھارت کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو قیمتی پوائنٹس سے محروم ہونا پڑا۔

اپنے گھر میں مخالف ٹیموں کو چت کرنے والی بھارتی ٹیم کے لیے سنچورین کا میدان ڈراؤنا خواب ثابت ہوا جہاں میزبان جنوبی افریقا نے بھارت کو تیسرے روز ہی ایک اننگز اور 32 رنز سے شکست دی۔

روہت شرما کی قیادت میں بھارتی ٹیم کو میچ کی شکست کے علاوہ سلو اوور ریٹ پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا جس میں انہیں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو اہم پوائنٹس سے محروم ہونا پڑا اور کھلاڑیوں پر 10 فیصد میچ فیس کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

میچ کے اختتام پر بھارت دو اوور لیٹ ہوگیا تھا جس وجہ سے میچ ریفری نے آئی سی سی قوانین کے مطابق یہ جرمانہ عائد کیا۔

خیال رہے کہ جنوبی افریقا سے شکست کے بعد ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بھارت 16 پوائنٹس کے ساتھ 5ویں نمبر پر موجود تھا تاہم اس جرمانے کے بعد وہ 14 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے پوزیشن پر چلا گیا ہے۔

اس سے قبل جنوبی افریقا نے  اپنی پہلی اننگز میں ڈین ایلگر کے 185 مارکو جینسن کے 84 اور ڈیوڈ بیڈنگھم کے 56 رنز کی بدولت 408 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا تھا جو بھارت ٹیم دو اننگز میں بھی نہیں بناسکی۔

بھارت کی جانب سے پہلی اننگز میں کے ایل راہل 101، ویرات کوہلی 38 اور شریاس ایئر 31 کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی نمایاں کارکردگی نہیں دکھاسکا۔ دوسری اننگز میں ویرات کوہلی 76 اور شبمن گل 26 رنز بناکر نمایاں رہے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے پہلی اننگز میں کگیسو ربادا  نے 5، ناندرے برگر  نے 3  جب کہ مارکو جینسن  اور جیرالڈ کوئٹزے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔ دوسری اننگز میں ناندرے برگر  نے 4، مارکو جینسن نے 3 اور کگیسو ربادا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version