Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نیب سزا یافتہ کیلئے 10 سالہ نااہلی کی مدت بحال

اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب سزا یافتہ کیلئے 10 سالہ نااہلی کی مدت بحال کردی۔ سنگل بنچ نے نااہلی کی مدت 10 سال کے بجائے 5 سال کا فیصلہ دیا تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں نیب سزا یافتہ کی دس سالہ نااہلی کم کرکے پانچ سال کرنے کے فیصلے کے خلاف اپیل پرنیب کیسز میں سزا یافتہ ن لیگ کے ٹکٹ ہولڈر فائق جمالی کی اہلیت کیخلاف نیب کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے نااہلی کی مدت سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔ نیب پراسیکیوٹرنے دوران سماعت کہا کہ سزا یافتہ شخص کے جیل سے رہا ہونے کے بعد اس کی نااہلی کی مدت شروع ہوگی، فائق جمالی کو سنائی گئی سزا میں دس سال کی نااہلی بھی شامل تھی۔

نیب پراسکیوٹررافع مقصود نے کہا کہ سپریم کورٹ تک فائق جمالی کی سزا برقرار رہی جس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ یہ سوال ہی نہیں ہے جس پر آپ دلائل دے رہے ہیں، سزا تو متنازع نہیں ہے، آئین میں ذیلی قانون سازی کیا آئین میں دی گئی تشریح سے مختلف ہوسکتی ہے؟

پراسیکیوٹرنیب نے جواب دیا کہ آئین کے آرٹیکل تریسٹھ ون ایچ میں جنرل بات کی گئی ہے، نیب آرڈیننس ایک اسپیشل لا ہے ،اس میں دس سال کی نااہلی کی سزا موجود ہے، خالد لانگو کیس میں سپریم کورٹ نے نااہلی کی سزا برقرار رکھی۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ 63 ون ایچ کے تحت نااہلی صرف مجلس شوریٰ کیلئے ہے، صوبائی اسمبلی کیلئے نہیں؟ جس پر نیب کےپراسیکیوٹرنے جواب دیا کہ جی، تریسٹھ ون ایچ کے تحت نااہلی صوبائی اسمبلی کیلئے نہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب ریفرنس میں سزا یافتہ مجرم فائق علی جمالی کی نا اہلی کی مدت سے متعلق سنگل بینچ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردیا۔

سنگل بنچ نے نااہلی کی مدت 10 دال کے بجائے 5 سال کا فیصلہ دیا تھا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اخترکیانی اورجسٹس ثمن رفعت امتیازنے حکم امتناع جاری کیا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version