قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی جانب خاتون سے ہاتھ نہ ملانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
سڈنی ٹیسٹ کے اختتام پر آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر گلین میک گرا فاؤنڈیشن کی جانب سے کینسر کی آگاہی مہم چلائی گئی اس دوران فاؤنڈیشن کی خواتین ممبر نے کھلاڑیوں کا استقبال کیا۔
میک گرا فاؤنڈیشن کی خواتین نے فرداً فرداً تمام کھلاڑیوں سے ہاتھ ملائے تاہم جیسے ہی محمد رضوان سامنے آئے تو انہوں نے ہاتھ ملانے کے بجائے دونوں ہاتھ جوڑ کر انہیں آداب کہا جس پر انہوں نے بھی جواباً اپنے ہاتھ جوڑ کر محمد رضوان کا استقبال کیا۔
وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی خاتون ممبر سے ہاتھ نہ ملانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
خیال رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ کینسر کی آگاہی سے متعلق تھا جسے پنک ٹیسٹ کا نام دیا گیا تھا۔ سڈنی ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے یک طرفہ مقابلے کے بعد پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی۔
میک گرا فاؤنڈیشن چھاتی کے کینسر سے آگاہی سے متعلق کام کرتی ہے، کرکٹر نے 2008 میں اہلیہ کے انتقال کے بعد انکی بنیاد رکھی تھی۔
