Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

تاحیات نااہلی کی عدالتی ناانصافی کا سیاہ باب آخرکار ختم ہوا، مریم اورنگزیب کا ردعمل

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ تاحیات نااہلی کی عدالتی ناانصافی کا سیاہ باب آخرکار ختم ہوا۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سپریم کورٹ کے 62 ون ایف کی تشریح کیس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ‏الحمدللہ آج نواز شریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لئے تاحیات نااہلی کی عدالتی ناانصافی کا سیاہ باب آخرکار ختم ہوا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کی من چاہی تشریح کے ذریعے پاکستان اور عوام کو مہنگائی، معاشی تباہی اور بین الاقوامی رسوائی کی دلدل میں دھکیلنے والے سیاہ کردار آج عدالت، عوام اور وقت کے کٹہرے میں مجرم قرار پائے ہیں،  جنہوں نے اپنے سیاسی و ذاتی مفادات کی خاطر پچیس کروڑ عوام اور ترقی کرتے پاکستان کی بنیادیں تک ہلا ڈالیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک لاڈلے کو صادق اور امین کا جعلی سرٹیفکیٹ دینے کے لیے ایک منتخب وزیراعظم کو ہٹانے کی سازش کی گئی، قائد نواز شریف اور عوام کو مبارک ہو۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں 7 رکنی بینچ نے 5 جنوری 2024ء کو فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج سنایا گیا ہے جس کے تحت سیاستدانوں کی تاحیات نااہلی ختم کردی گئی اور فیصلے میں کہا گیا کہ آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت سیاستدانوں کی نااہلی کی مدت 5 سال ہوگی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version