نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان میں انسداد پولیو مہم میں یونیسیف کے کردار کو خصوصی اہمیت کا حامل قرار دیا۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے پاکستان میں یونیسیف کے نمائندہ عبداللہ فاضل کی ملاقات ہوئی جس میں عبداللہ فاضل نے وزیراعظم کو پاکستان کے متعدد علاقوں میں یونیسیف کے لیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔
ملاقات میں وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ گزشتہ 5 سالوں میں یونیسیف کے تحت پورے پاکستان میں انسانی امداد، صاف پانی اور غذا کی فراہمی، تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں تقریباً ایک ارب ڈالر کے منصوبے قائم کیے جا چکے ہیں۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے عوامی فلاح و بہبود کے لیے متعدد کامیاب منصوبے قائم کرنے پر یونیسیف پاکستان کو سراہا جبکہ انوار الحق کاکڑ نے پاکستان میں انسداد پولیو مہم میں یونیسیف کے کردار کو خصوصی اہمیت کا حامل قرار دیا۔
انوار الحق کاکڑ نے تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں فلاحی منصوبوں کے قیام کے لیے حکومت پاکستان کا یونیسیف کو تمام تر سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان اور یونیسیف جیسے اداروں کے باہمی تعاون کی وجہ سے ملک میں انسداد پولیوکے بارے میں عوامی رویے میں مثبت تبدیلی دیکھنے میں آرہی ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بھارت کی جانب سےشدید تنقید کے باوجود یونیسیف کا آزاد جموں وکشمیر میں شعبہ تعلیم کے لیے اقدامات اٹھانا قابل تحسین ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ پسماندہ علاقوں کے طلباء و طالبات میں ٹیبلٹس کی مدد سے جدید ترین معلومات تک رسائی دلا کر ملک میں ناخواندگی میں خاطر خواہ کمی لائی جا سکتی ہے، روزگار پیدا کرنے کے منصوبوں کے لیے حکومت پاکستان ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے عبداللہ فاضل کو پاکستان میں اسکول سے باہر بچوں کی تعلیم کے لیے نئی اور مؤثر حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی جبکہ نگران وزیراعظم نے یونیسیف کی جانب سے ملک کے پسماندہ علاقوں میں شعبہ تعلیم میں ٹیکنالوجی کو متعارف کرانے کے اقدامات کی حمایت بھی کی۔
