عدالت نے نگراں پنجاب حکومت ختم کرنےاورنیاعبوری سیٹ اپ تشکیل دینےسےمتعلق درخواست غیرمؤثرقرار دے دی۔
لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب میں موجودہ نگران حکومت کو ختم کرنے اور نیا عبوری سیٹ اپ تشکیل دینے سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
عدالت میں فریقین سے تحریری جواب جمع کروایا گیا۔
وکیل وفاقی حکومت نے کہا کہ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں بھی زیر سماعت ہے اور سپریم کورٹ الیکشن کروانے کا حکم دے چکی ہیں، الیکشن کا شڈول بھی جاری ہوگیا ہے اور 8 فروری کو الیکشن ہونے جارہے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی عدالت نے وفاق کے جواب کی روشنی میں درخواست کو غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے نمٹا دیا۔
جسٹس شاہد کریم نے شیخ رشید اور زمان وردگ کی درخواستوں پر سماعت کی، درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ سپریم کورٹ کے پنجاب میں 14 مئی الیکشن کے حکم کے بعد نگران حکومت اپنی مدت پوری کر چکی ہے، 90 دن سے زائد کوئی بھی نگران سیٹ اپ نہیں رہ سکتا۔
درخواست میں کہا گیا کہ موجودہ نگران حکومت پنجاب غیر آئینی اورغیرقانونی طور پر کام کررہی ہے، استدعا ہے کہ پنجاب کی نگران حکومت کو ختم کرکے نیا عبوری سیٹ اپ تشکیل دینے کا حکم دیا جائے۔
