Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کیخلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی سے پہلے کیویز کو بڑا دھچکا

پاکستان کے خلاف 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل پر مشتمل سیریز کے تیسرے میچ سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے دوران نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن ہیم اسٹرنگ انجری کا شکار ہوگئے تھے جس کے سبب وہ بقیہ میچز سے باہر ہوگئے ہیں اور پوری سیریز میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

ابتدائی طور پر کہا جارہا تھا کہ کین ولیمسن آرام کی غرض سے پاکستان کے خلاف تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ نہیں کھیلیں گے اور کرائسٹ چرچ میں ہونے والے چوتھے میچ میں کین ولیمسن کی ٹیم میں واپسی ہونا تھی۔

تاہم کیوی کپتان کی انجری کے بعد اب نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم مینجمنٹ اپنے کپتان کے حوالے سے کسی قسم کا خطرہ نہیں لینا چاہتی لہذا کین ولیمسن پاکستان کے خلاف سیریز میں مزید حصہ نہیں لیں گے ان کی جگہ ٹم سیفرٹ ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

نیوزی لینڈ کے کوچ گیری اسٹیڈ کا کہنا ہے کہ کین ولیمسن کا سیریز میں اب کھیلنے کا امکان نہیں ہے کیوں کہ جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز بہت قریب ہے ،کین ولیمسن کے حوالے سے کوئی خطرہ نہیں لیا جا سکتا۔

واضح رہے کہ پاکستان کے خلاف نیوزی لینڈ کو سیریز میں دو صفر سے برتری حاصل ہے، سیریز کا تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ بدھ کو ڈنیڈن میں کھیلا جائے گا۔

متعلقہ خبریں