Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھارتی اداکاراؤں کے بعد سچن ٹنڈولکر کی ڈیپ فیک ویڈیو وائرل

بھارتی اداکاراؤں کے بعد اب سابق لیجنڈری بلے باز سچن ٹندولکر کی ڈیپ فیک ویڈیو بھی وائرل ہوگئی ہے۔ 

سوشل میڈیا پر بھارت کے لیجنڈ کرکٹر سچن ٹنڈولکر کی ڈیپ فیک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جسے سابق بھارتی بلے باز نے جعلی قرار دے دیا۔ وائرل ویڈیو میں سچن ٹنڈولکر کو ایک ایپ کی تشہیر کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں بظاہر سچن ٹنڈولکر کو آرٹیفشل اینٹلیجنس (اے آئی) کی مدد سے بنایا گیا ہے اور ان کی آواز بھی اے آئی کے ذریعے دی گئی ہے۔

ویڈیو میں سچن ٹنڈولکر کہتے ہیں ’’میری بیٹی بھی اس وقت سکائےورڈ ایویٹر کوئسٹ نامی گیم کھیل رہی ہیں، جس کے بارے میں آج کل ہر کئی بات کررہا ہے اور میری بیٹی اس گیم کے ذریعے روزانہ ایک لاکھ 80 ہزار بھارتی روپے کمارہی ہے۔

سابق بھارتی بلے باز نے وائرل ویڈیو میں مزید کہا کہ میں خود بھی حیران ہوں کہ آج کے دور میں اتنے آسانی سے پیسے کمائے جاسکتے ہیں اور یہ ایپلی کیشن بالکل مفت ہے، کوئی بھی آئی فون مالک اس ایپلی کیشن کو بآسانی ڈاؤن لوڈ کرسکتا ہے۔

دوسری جانب سچن ٹنڈولکر نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر یہ ویڈیو اپ لوڈ کرتے ہوئے لکھا ’’ یہ ویڈیو جعلی ہیں اور ٹیکنالوجی کا بے تحاشہ غلط استعمال دیکھنا پریشان کن ہے‘‘۔

سچن ٹنڈولکر نے اپنے مداحوں سے درخواست کی کہ اس طرح کی ویڈیوز، اشتہارات اور ایپ کو رپورٹ کریں، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو الرٹ ہونے کی ضرورت ہے، غلط معلومات اور ڈیپ فیکس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے فوری کارروائی انتہائی اہم ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version