انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کل سے جنوبی افریقہ میں شروع ہوگا جب کہ قومی ٹیم اپنا پہلا میچ افغانستان کے خلاف کھیلے گی۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقا میں ہونے والے انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ میں 16 ٹیمیں شرکت کریں گے جنہیں 4 الگ الگ گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان کو گروپ ڈی میں رکھا گیا ہے جس میں نیوزی لینڈ، نیپال، افغانستان شامل ہیں، پہلے روز میزبان جنوبی افریقہ کا مقابلہ ویسٹ انڈیز سے ہوگا جب کہ آئرلینڈ کی ٹیم امریکہ کے مدمقابل ہوگی۔
پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں ہفتے کو ایکشن میں ہوں گی۔ سعد بیگ کی قیادت میں کھیلنے والی قومی ٹیم ایک ہفتے سے جنوبی افریقہ میں ہے۔
پاکستان اور افغانستان کا آخری میچ انڈر 19 ایشیا کپ میں ہوا تھا جس میں قومی ٹیم 83 رنزسے فاتح رہی تھی۔ کپتان سعد بیگ کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔
