Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، صدر مملکت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چین کے نائب وزیر خارجہ سَن ویدونگ کی ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور چین کا معیشت، آئی ٹی، زرعی اور انسانی وسائل کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا گیا۔

ملاقات میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ چین ایک بہت ہی عزیز دوست ہے ، ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا جبکہ سی پیک نے پاکستان کی توانائی ضروریات پورا کرنے اور اقتصادی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے یہ بھی کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی اعلیٰ معیار کی ترقی کیلئے مکمل طور پر پرعزم ہیں ، سی پیک کے اگلے مرحلے میں چین کا تعاون پاکستان کی صنعتی ترقی کیلئے اہم ہوگا۔

صدر مملکت نے پاکستان کی معیشت کے استحکام میں چین کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ پاکستان آئی ٹی، تعلیم، صحت اور تخفیف ِ غربت کے شعبوں میں چین سے سیکھنے کا خواہشمند ہے، اقتصادی تعاون  سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

 ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کی ترقی ، تنازعہ ِجموں و کشمیر پر اصولی موقف کی حمایت پر چین کے شکر گزار ہیں،پاکستان اور چین مختلف علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر ایک جیسے خیالات کے حامل ہیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ پاکستان “ون چائنا” پالیسی، تائیوان، ہانگ کانگ، تبت، سنکیانگ اور بحیرہ جنوبی چین سمیت تمام بنیادی مسائل پر چین کی حمایت جاری رکھے گا۔

اس موقع پر چین کے نائب وزیر خارجہ سَن ویدونگ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستانہ تعلقات کی ایک پرانی تاریخ ہے ، پاکستان اور چین کے مابین تعلقات مزید مضبوط ہوتے جائیں گے۔ پاک چین اقتصادی راہدای کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں، دونوں ممالک میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں، مارچ 2020 ء میں کورونا کے دوران چین کے ساتھ ِیکجہتی کیلئے صدرِ پاکستان کے دورے کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version