پاکستان بزنس فورم کی جانب سے بجلی اور گیس کے ٹیرف میں نئے اضافہ کے اعلان کو یکسر مسترد کردیا۔
پاکستان بزنس فورم کے نائب صدر چوہدری احمد جواد نے بجلی اور گیس کے ٹیرف میں نئے اضافے کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹری اور عام آدمی پہلے ہی ان بلوں کو متحمل نہیں ہو پار ہے، سازگار معاشی ماحول پیدا کرنا بجٹ خسارا کم کرنا آنے والی حکومت کے لیے اہم چیلنج ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو سب سے بڑا خطرہ بڑھتے ہوئے قرضوں کا ہے، صنعتی شعبہ مشکلات کا شکار ہے جب کہ توانائی شعبہ میں اصلاحات کی ضرورت ہے، پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح 2 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
چوہدری احمد جواد کا کہنا تھا کہ قرضوں کا بڑھتا ہوا بوجھ ملک کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، ایسے میں متفقہ قومی معاشی منشور ہی ملک کو مسائل سے نکال سکتا ہے، سالانہ تین فی صد آبادی میں اضافہ ترقی میں رکاوٹ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آنے والی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہونا چائیے کہ کیسے کاروبار میں آسانی لاکر سازگار معاشی ماحول پیدا کرنا ہے جب کہ حکومت قرضوں کی ضمانت دے بزنس کمیونٹی نئی سرمایہ کاری کرنے کو تیار ہے۔



















