Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

گالی، تقسیم، نفرت کی سیاست کرنے والے ملک کے دشمن ہیں، بلاول بھٹو

بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ گالی، تقسیم، نفرت کی سیاست کرنے والے ملک کے دشمن ہیں۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے ساہیوال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ایک بار پھر ساہیوال میں ہمارا استقبال کیا ہے، آپ کا شکر گزار ہوں، اپنے منشور کو لے کر پورے ملک کا دورہ کر رہا ہوں، کل ہم نے لاہور میں جلسہ سے خطاب کیا اور آج ساہیوال کے بھائی بہنوں کے پاس آیا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اس الیکشن میں صرف دو جماعتیں ہیں ، اگر انتقام کی سیاست چاہتے ہیں تو جائیں شیر پر مہر لگائیں اور اگر پرانے سیاستدانوں کوگھر بٹھانا چاہتے ہیں تو تیر پر مہر لگائیں۔ گالم گلوچ اور ذاتی دشمنی کی سیاست نہ کریں، موقع ملا تو ہر ڈسٹرکٹ میں مفت علاج کی سہولت فراہم کرینگے۔

بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ ملک میں ایسے نوجوان ہیں جو ڈگریاں لیکر گھومتے ہیں انہیں روزگار نہیں ملتا ، نوجوانوں کیلئے یوتھ کارڈ لائیں گے اور اس سے مالی مدد دیں گے۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ اس بار بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ کریں گے ، اس بار بےنظیر کسان کارڈ لائیں گے کیونکہ کسان خوشحال ہوگا تو ملک خوشحال ہوگا، پیپلز پارٹی کی حکومت میں کسانوں کو فصلوں کی قیمت ملےگی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ گالی، تقسیم، نفرت کی سیاست کرنے والے ملک کے دشمن ہیں، دیگر سیاسی جماعتیں نفرت اور تقسیم کی سیاست کررہی ہیں لیکن میں نفرت اور تقسیم کی سیاست ختم کرنےکیلئے الیکشن لڑرہا ہوں ، ہمارے منشور میں گالم گلوچ اور نفرت کی سیاست نہیں۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان مشکل وقت سے گزررہا ہے ، پورے معاشرے میں تقسیم پھیلی ہوئی ہے جبکہ غربت،مہنگائی میں تاریخی اضافہ ہورہا ہے، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو مسائل کا مقابلہ کرسکتی ہے۔

متعلقہ خبریں