Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اور عالمی بینک حکام کے درمیان اجلاس

سماجی تحفظ کے پروگرام پر فنڈنگ کیلئے پاکستان اور عالمی بینک حکام کے درمیان اجلاس ہوا۔ نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر اور عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے وفد کے ہمراہ شرکت کی۔

اجلاس میں عالمی بینک کے تعاون سے چلنے والے دو پروگراموں کے لیے فنانسنگ کا جائزہ لیا گیا اور عالمی بینک کے تعاون سے جاری سی آر آئی ایس پی پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سی آر آئی ایس پروگرام کیلئے عالمی بینک 250 ملین ڈالر کی معاونت کرے گا، سی آر آئی سی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے نافذ ہوگا، غریب اور کمزور گھرانوں کی کفالت کیلئے  پروگرام معاون ثابت ہوگا۔

ترجمان وزارت خزانہ نے کہا کہ مائیکرو کریڈٹ تک رسائی اور سپورٹ کے منصوبے کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا، پروگرام مائیکروفنانس سیکٹر اور اس کے قرض دہندگان کی سہولت کیلئے ہوگا، مائیکرو کریڈٹ تک رسائی پروگرام کیلئے عالمی بینک 175ملین ڈالر کی معاونت کرے گا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پروگرام کو حتمی شکل دینے کے لیے آئندہ ہفتے ایک اور میٹنگ کرنے پر اتفاق ہوا، اسٹیک ہولڈرز اسٹیٹ بینک اور ایس ای سی پی کو بھی میٹنگ میں مدعو کیا جائے گا، اجلاس میں عالمی بینک کے تعاون سے آر اے ایم پروگرام کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ترجمان وزارت خزانہ نے کہا کہ وفد نے وزیر خزانہ کو آر اے ایم پروگرام کی فنڈنگ اور مقاصد کے بارے بھی آگاہ کیا، عالمی بینک پاکستان کو آر اے ایم پروگرام کیلئے 175 ملیں ڈالر فراہم کرے گا، ملاقات کے دوران فریقین میں حکومتی قرضوں کا معاملہ بھی زیر بحث آیا جب کہ نگران وزیر خزانہ نے پاکستان کے لیے عالمی بینک کی مسلسل حمایت کو سراہا۔