بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی پہلی بیوی اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا ٹینس کی دنیا کے متعدد ایوارڈز اپنے نام کرچکی ہیں جس میں 6 بڑے ٹائٹلز بھی شامل ہیں۔
ٹینس کی سابق ڈبلز نمبر ون ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کے اثاثوں کی بات کریں تو بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق ثانیہ مرزا کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 26 ملین ڈالر (تقریباً 216 کروڑ بھارتی روپے) ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2 سال قبل یعنی 2022 تک ثانیہ مرزا کی سالانہ آمدنی 25 کروڑ بھارتی روپے تھی اور ان کے آمدن کے ذرائع میں برانڈز کی تشہیر ، سرمایہ کاری اور بزنس پراجیکٹ شامل ہے۔
اس کے علاوہ ٹینس اسٹار نے بھارت اور دبئی میں ثانیہ مرزا ٹینس اکیڈمی بھی قائم کررکھی ہے جس سے انہیں کچھ آمدنی بھی ہوتی ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں ثانیہ مرزا کے گھروں کی تفصیلات بھی بتائی گئی ہیں جن میں بھارتی شہر حیدرآباد میں عالیشان گھر ہے جس کی مالیت 13 کروڑ بھارتی روپے ہے۔
ثانیہ مرزا کی ملکیت میں دبئی میں ایک وسیع و عریض جدید طرز کا گھر بھی شامل ہے جو انہوں نے اپنے سابق شوہر شعیب ملک کے ساتھ مل کر خریدا تھا۔
بھارتی ٹینس اسٹار کے پاس موجود گاڑیوں کی بات کی جائے تو ان میں مرسڈیز بینز، پورشے اور آڈی جیسی مہنگی ترین گاڑیاں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹرز شعیب ملک نے حال ہی میں اداکارہ ثنا جاوید سے دوسری شادی کی، وہ اس سے پہلے گلوکار عمیر جیسوال کے نکاح میں تھی جس سے ان کی علیحدگی ہوگئی تھی تاہم شعیب ملک نے اپنی پہلی اہلیہ ثانیہ مرزا کو طلاق نہیں دی اور نہ ہی انہوں نے اب تک خلاع حاصل کی ہے، البتہ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹینس اسٹار کے والد کے مطابق انہوں نے خلاع کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔
