عمر سیف نے کہا ہے کہ پاکستان کو ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کا ایک علاقائی مرکز بنانا ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیر آئی ٹی و مواصلات عمر سیف نے کہا کہ پاکستان کو خطے کے ممالک کیلئے ڈیجیٹل کوریڈور بنانے کا پہلا سنگ میل عبور کرلیا، آج پاکستان ٹیلی کام اور آئی ٹی انڈسٹری کے لیے ایک یادگار دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی سی ایل، ایس سی او، پی ٹی اے، ڈی سی آئی ایکس، پیس کیبل اور چائنا موبائل کے تعاون سے کئی اہم سنگ میل عبور کئے گئے ہیں، ہم نے چین کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے کہ وہ پاکستان کے ذریعے اپنے انٹرنیٹ ٹریفک کو روٹ کرنا شروع کرے۔
وزیر آئی ٹی و مواصلات نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کا ایک علاقائی مرکز بنانا ہے، اس سے پاکستان کو انٹرنیٹ ٹرانزٹ ٹریفک کی مد میں بھاری ریونیو حاصل ہوسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کے ساتھ ہی اتصالات نے انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کی بھروسے کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان میں پہلا کیریئر نیوٹرل IXP اور ڈیٹا سینٹر قائم کیا ہے۔ اس میں پی ٹی سی ایل اس نئے ڈیٹا سینٹر کے آپریشنز کو چلانے کے لیے DE CIX جرمن ڈیٹا سینٹر اور IXP آپریٹر کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
عمر سیف کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان ایک بڑی ڈیجیٹل مارکیٹ ہے جس میں انٹرنیٹ صارفین کی تعداد اٹلی کی کل آبادی سے بھی زیادہ ہے،گزشتہ چند سالوں میں، ہم نے فائبر کنیکٹیوٹی کے فروغ میں اہم پیش رفت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کاشغر سے راولپنڈی تک دو فائبر لوپ بچھائے گئے اور اس نیٹ ورک کو پی ٹی سی ایل نے کراچی تک وسعت دی ہے، کراچی تک آنے والی متعدد سمندری فائبر کیبلز ہمارے رابطے کے نظام کو مزید بہتر بناتی ہیں۔
وزیر آئی ٹی و مواصلات عمر سیف نے مزید کہا کہ خوش آئند بات ہے کہ اب پی ٹی سی ایل بزنس سلوشن کے کیریئر نیوٹرل انٹرنیٹ ایکسچینج کا آغاز ہوگیا ہے، یہ مرکز یوٹیوب، نیٹ فلکس اور ٹک ٹاک جیسے معروف پلیٹ فارمز سے مواد کی مقامی ہوسٹنگ کے مواقع پیدا کرے گا۔
