چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں آج ہونے والے عام انتخابات 100 فیصد شفاف ہوئے ہیں۔
الیکشن کمیشن آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ ملک بھر میں انتخابات 100 فیصد صاف شفاف اور پر امن ہوئے ہیں، پورے پاکستان میں کسی ووٹر کو نہیں روکا گیا، یقین ہے ان انتخابات کے نتائج کو تسلیم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پولنگ کاعمل بغیرکسی کے وقفے کے جاری رہا کسی شہری کو ووٹ کاسٹ کرنے سے نہیں روکا گیا، جہاں مسائل ہوں گے وہاں متعلقہ پریزائیڈنگ افسر خود متعلقہ ریٹرننگ افسر کے دفتر جاکر فارم 45 فراہم کرے گا۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ ای ایم ایس میں فارم 45 اپ لوڈ کرنے کے بعد جہاں سروس بحال ہوگی فارم خود بخود آر او کو موصول ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق دن 2 بجے تک اگر وقت بڑھانے کا کہا جاتا ہے تو وقت بڑھایا جاسکتا ہے، گجرات کے تین پولنگ اسٹیشنز میں وقت بڑھایا گیا کیونکہ متعلقہ آر اوز نے وقت بڑھانے کی درخواست کی تھی۔
اس سے قبل انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ آر او نے رات 2 بجے تک نتیجہ جاری کرنا ہے تاہم نتائج 2 بجے سے پہلے بھی آ سکتے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ عوام کو حتمی پولنگ اسکیم جاری ہوتے ہی اپنا ووٹ چیک کرلینا چاہیے تھا۔ سیکورٹی خدشات کے باعث بند موبائل سروس کی بحالی کے احکامات دینا ہمارا مینڈیٹ نہیں۔ الیکشن کمیشن پہلے کی طرح مضبوط ہے۔
