چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان نے الیکشن کے پرامن انعقاد پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے ایک بیان میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے عوام ، نگراں حکومتوں ، سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ چیف الیکشن کمشنر نے سیکیورٹی اداروں ، سول ایڈمنسٹریشن کا بھی شکریہ ادا کیا۔
سکندر سلطان نے کہا کہ ابھی ہم نےاپنی ذمہ داری کا ایک حصہ مکمل کیا ہے، پولنگ کے بعد غیر حتمی نتائج کی تیاری کا کام شروع ہوچکا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان نے مزید کہا کہ امید ہے آراوز اہم کام کی تکمیل میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے، آراوز نتائج کی بروقت ترتیب اور ترسیل کو ممکن بنائیں گے۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ ملک بھر میں انتخابات 100 فیصد صاف شفاف اور پر امن ہوئے ہیں، پورے پاکستان میں کسی ووٹر کو نہیں روکا گیا، یقین ہے ان انتخابات کے نتائج کو تسلیم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پولنگ کاعمل بغیرکسی کے وقفے کے جاری رہا کسی شہری کو ووٹ کاسٹ کرنے سے نہیں روکا گیا، جہاں مسائل ہوں گے وہاں متعلقہ پریزائیڈنگ افسر خود متعلقہ ریٹرننگ افسر کے دفتر جاکر فارم 45 فراہم کرے گا۔
سکندر سلطان راجہ کا کہنا تھا کہ ای ایم ایس میں فارم 45 اپ لوڈ کرنے کے بعد جہاں سروس بحال ہوگی فارم خود بخود آر او کو موصول ہوجائے گا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے مزید کہا کہ قانون کے مطابق دن 2 بجے تک اگر وقت بڑھانے کا کہا جاتا ہے تو وقت بڑھایا جاسکتا ہے، گجرات کے تین پولنگ اسٹیشنز میں وقت بڑھایا گیا کیونکہ متعلقہ آر اوز نے وقت بڑھانے کی درخواست کی تھی۔


















