پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 55 رنز سے شکست دے دی۔
ملتان میں کھیلے جا رہے پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے تیسرے میچ میں کراچی کنگز کی ٹیم ملتان سلطانز کے 186 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنا سکی۔
کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے 30 رنز بنائے، شعیب ملک نے 53 رنز اور کیرون پولارڈ نے 28 رنز بنائے۔
سلطانز کی جانب سے محمد علی نے 3، ڈیوڈ ولی 2، عباس آفریدی 2 اور اسامہ میر نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔ کپتان محمد رضوان نے ڈیوڈ ملان کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا لیکن رضوان 11 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جس کے بعد ریزا ہینڈرکس نے ملان کے ساتھ ملکر اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا۔
ڈیوڈ ملان 41 گیندوں پر 52 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس میں 1 چھکا اور 4 چوکے شامل تھے جب کہ ریزا ہینڈرکس نے 54 گیندوں پر 79 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے جب کہ خوشدل شاہ نے بھی 13 گیندوں پر 28 رنز بنائے۔
کراچی کنگز کی جانب سے میر حمزہ اور ڈینئل سمس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے افتتاحی میچ میں دفاع چیمپئن لاہور قلندرز کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جب کہ دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو شکست سے دوچار کیا۔
