وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
مریم نواز نے گوجرانوالہ میونسپل کمیٹی (جی ڈبلیو ایم سی) کے ملازمین کی تنخواہوں کی فوری ادائیگی کے احکامات جاری کر دیئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گوجرانوالہ میں صفائی کے ملازمین کی ہڑتال اور شہر میں گندگی کے ڈھیروں کی صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کیا جبکہ متعلقہ حکام کو اس مسئلے کا حل نکالنے کی ہدایت بھی کی۔
مریم نواز نے جی ڈبلیو ایم سی کے ملازمین کی تنخواہوں کی فوری ادائیگی کے لیے فنڈز جاری کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ مستقبل میں اس طرح کی صورتحال دوبارہ نہ پیش آئے، عوام کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، اس حوالے سے کسی بھی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا لاہور پیس پلازہ میں آتشزدگی کے واقعہ کا نوٹس
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور پیس پلازہ میں آتشزدگی کے واقعہ کا نوٹس لیا ہے۔
مریم نواز نے فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کو فوری امدادی سرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایت دی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی کمشنر اور ڈپٹی کمیشن سمیت متعلقہ حکام کو فوری جائے حادثہ پہنچنے کی ہدایت بھی دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
